قرآن و سنت کی روشنی میں علم کا سفر
جامعۃ السّلیم تنگی میں خوش آمدید، ایک ایسا غیر سرکاری تعلیمی ادارہ جہاں علم دین کی تعلیم اور تربیت کو جدید تقاضوں کے مطابق فروغ دیا جاتا ہے۔ ہمارا مقصد ایسی نسل تیار کرنا ہے جو قرآن و سنت کی گہری سمجھ رکھتی ہو اور معاشرتی ذمہ داریوں کو بھی بخوبی نبھا سکے۔
یہ نوخیز گلشن علوم نبوت دار العلوم دیو بند کے ہشت گانہ اصول کی روشنی میں اپنے اکابر کے طرز پر مسلک اہلسنت و الجماعت کا ترجمان ادارہ ہے۔ جہاں مہمانان رسول عالم کے لیے تعلیم وتعلم ، قیام و طعام ، علاج معالجہ کتابوں کا مستقل انتظام موجود ہے۔
جامعۃ السّلیم کا انتساب بنام استاذ المحد ثين فخر العلماء صدر وفاق المدارس العربیہ شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم اللہ خان صاحب رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
جامعۃ السّلیم کے بانی و مہتمم حضرت مولانا محمد آدم خان صاحب شاگرد رشید شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم اللہ خان صاحب رحمۃ اللہ علیہ ہیں۔ آپ جامعہ فاروقیہ کراچی کے فاضل اور مدرس اور حضرت شیخ صاحب رحمہ اللہ کے سفر و حضر کے خادم ِخاص رہ چکے ہیں۔ اس کے بعد آپ جامعہ فرقانیہ راولپنڈی کے ناظم تعلیمات رہیں ۔ بعد ازاں آپ دارالعلوم فاروقیہ دھمیال کیمپ راولپنڈی میں بطور استاد الحدیث اور رفیق دارالافتاء خدمات سر انجام دے رہےہیں۔ ء2002 سے تا حال اسلامیہ مسجد آریہ محلہ مری روڈ راولپنڈی میں خطابت کے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔اس کے علاوہ آپ ضلع راولپنڈی کے عالمی مجلس ختم نبوت کے نائب امیر بھی ہیں۔
جامعہ کی تاسیس
شوال المکرم 1426 بمطابق نومبر 2005 ء میں بانی جامعہ نے اس جامعہ کی بنیاد اللہ تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے رکھی۔ اُس وقت جامعہ دس مرلے کے ایک کرایہ کے مکان میں شروع ہوا۔ آپ حضرت کی کوششوں اور معاون اساتذہ کرام کی محنت کی بدولت آج الحمد للہ جامعہ 82 مرلے پر مشتمل اپنے علاقے کا ایک منفرد ادارہ ہے۔